پاکستانتازہ ترین

خیبرپختونخوا اسمبلی نے افغان زلزلہ متاثرین کے علاج کے لیے بارڈر کھولنےاور زخمیوں کو بغیر ویزا علاج کی سہولت دینے کی قرارداد منظورکی

پشاور (نمائندہ خصوصی) — خیبرپختونخوا اسمبلی میں ایک اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ہے، جس میں افغانستان میں حالیہ زلزلے سے متاثرہ شدید زخمی افراد کو جذبہ خیرسگالی کے تحت بغیر ویزا پاکستان منتقل کر کے اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

یہ قرارداد حکومتی رکن عبیدالرحمان کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی، جس میں افغانستان میں آنے والے زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ قرارداد میں جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔

ایوان نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان، ایک برادر اسلامی اور ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے، افغان بھائیوں کی ہر ممکن امداد کو اپنی انسانی، اسلامی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ قرارداد میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ افغان زخمیوں کو فوری اور معیاری طبی امداد فراہم کرے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں باہمی تعاون سے امدادی ٹیمیں، ادویات، اور دیگر ضروری طبی سامان فوری طور پر افغانستان کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں روانہ کریں تاکہ متاثرین کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ایوان نے بین الاقوامی اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ افغانستان میں زلزلہ متاثرین کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب افغانستان میں آنے والے شدید زلزلے کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، اور اب تک مختلف ذرائع سے 800 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button