
انا لله و انا الیه راجعون،پاکستان کے سینئر اداکار انور علی انتقال کر گئے،موت نے چاہنے والوں کو چونکا دیا
لاہور: پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اور سینئر اداکار انور علی طویل علالت کے بعد 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے پھیپھڑوں اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق، انور علی کی طبیعت گزشتہ شب اچانک بگڑ گئی جس پر انہیں رائیونڈ روڈ کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کروایا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم انور علی پاکستان کے اسٹیج، ٹی وی اور فلم کے ایک ممتاز فنکار تھے جنہوں نے اپنی مزاحیہ اداکاری، منفرد انداز اور جاندار مکالموں سے کئی دہائیوں تک ناظرین کو محظوظ کیا۔ وہ پاکستان کی تھیٹر اور فلمی تاریخ کے چند بہترین مزاحیہ اداکاروں میں شمار کیے جاتے تھے۔
اداکار کی نمازِ جنازہ کے انتظامات کے حوالے سے تاحال کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
انور علی کے انتقال پر شوبز انڈسٹری کے فنکاروں، مداحوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر مداح ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کر رہے ہیں۔