
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی بہن علیمہ خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بیٹوں کی گرفتاری کا مقصد بانی پی ٹی آئی پر سیاسی دباؤ ڈالنا ہے۔
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ان کے بیٹے شیر شاہ کی ضمانت پر سماعت تھی، تاہم تفتیشی افسر مقدمے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے میں ناکام رہا۔
انہوں نے دعویٰ کیا:
"پنجاب پولیس کو ہدایات ہیں کہ ریکارڈ عدالت میں پیش نہ کیا جائے۔ مقدمے میں دیگر تمام افراد کی ضمانت ہو چکی ہے، صرف شیر شاہ کی ضمانت کو لٹکایا جا رہا ہے۔”
علیمہ خان نے کہا کہ پراسیکیوشن دانستہ طور پر کیس کو التواء کا شکار بنا رہی ہے اور یہ سب کچھ صرف بانی پی ٹی آئی کو دباؤ میں لانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
"ہم بہنیں اڈیالہ جا رہی ہیں”
علیمہ خان نے مزید بتایا کہ وہ اور دیگر بہنیں اڈیالہ جیل جا رہی ہیں، کیونکہ کل ان کے بھائی سے ملاقات کا دن ہے۔
انہوں نے کہا:
"ہم چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کا مکمل میڈیکل چیک اپ کروایا جائے۔”
"مجھے قید کر کے نہیں توڑا جا سکتا” – بانی پی ٹی آئی کا مؤقف
علیمہ خان نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام یہی ہے کہ:
"مجھے اس طرح قید کر کے یہ نہیں توڑ سکتے، پاکستان ہمارا ملک ہے، ہم قربانی دینے کو تیار ہیں۔”
عدالت کی کارروائی
دوسری جانب، عدالت نے شیر شاہ کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ دوران سماعت پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے کارروائی مؤخر کر دی۔