پشاور: افغان مہاجرین کی واپسی کے دوران خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ایک بڑا انسانی ہمدردی پر مبنی قدم اٹھایا گیا ہے۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان واپس جانے والے افغان بھائیوں کی صحت و تندرستی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپ قائم کیے جائیں گے۔
مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان مہاجرین کی محفوظ اور باعزت واپسی ہماری اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ واپسی کے دوران بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت تمام افغان بھائیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے میڈیکل کیمپوں میں ضروری ادویات اور سہولیات موجود ہوں گی۔
مشیر صحت نے ڈی جی ہیلتھ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع خیبر میں علی مسجد سے افغان بارڈر تک فوری طور پر میڈیکل کیمپ قائم کیے جائیں۔ ان کیمپس کا مقصد افغان مہاجرین کو سفر کے دوران درپیش طبی مسائل سے فوری طور پر نمٹنا اور ان کی صحت کا مکمل خیال رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا:
"محکمہ صحت ہر ممکن حد تک گراؤنڈ پر موجود رہے گا تاکہ ہمارے افغان بھائیوں کی خدمت کی جا سکے۔ یہ صرف ایک طبی اقدام نہیں بلکہ انسانیت کا تقاضا ہے۔”
یہ اقدام نہ صرف خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے انسان دوستی کا مظہر ہے بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی ایک مثبت پیغام ہے کہ پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا، مہاجرین کے مسائل کو سنجیدگی سے لیتا ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔





