اوورسیزتازہ ترین

افسوسناک زلزلہ: پاکستان و افغانستان لرز اٹھے، 250 ہلاک، 500 سے زائد زخمی ، فضا سوگوار، چیخ و پکار سے دل دہل گئے

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) – گزشتہ شب پاکستان اور افغانستان کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جنہوں نے خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان میں تھا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے بعد 4.5 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جس سے متاثرہ علاقوں میں مزید خطرات پیدا ہوگئے۔

افغانستان کے مشرقی صوبوں کنڑ اور ننگرہار سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جہاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم 250 افراد جاں بحق جبکہ 500 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ درجنوں مکانات زمین بوس ہو چکے ہیں، اور کئی دیہات مکمل طور پر متاثر ہوئے ہیں۔

دور دراز علاقوں تک رسائی مشکل ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔ افغان حکام اور مقامی رضاکار ہیلی کاپٹروں کی مدد سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ تاہم، خوش قسمتی سے پاکستان سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

زلزلہ نہ صرف پاکستان اور افغانستان بلکہ بھارت، ازبکستان اور تاجکستان میں بھی محسوس کیا گیا، جس سے خطے بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے جبکہ حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں سے متاثرین کی فوری مدد کی اپیل کی گئی ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button