
بیجنگ / انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے 25 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین پہنچ گئے۔ ترک میڈیا کے مطابق یہ صدر اردوان کا پانچ سال میں چین کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جو خطے کی بدلتی ہوئی سفارتی صورتحال میں اہمیت کا حامل ہے۔
دورے کے دوران ترک صدر کی چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے گی۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا یہ دو روزہ اجلاس چین کے شہر تیانجن میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں 20 سے زائد ممالک کے سربراہان شریک ہو رہے ہیں۔ ان میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، ایرانی صدر مسعود پزشکیان، اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت دیگر اہم رہنما شامل ہیں۔
اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان علاقائی سلامتی، اقتصادی تعاون، اور جیوپولیٹیکل صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جب کہ کئی اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
ترک صدر کی شرکت نہ صرف ترکی اور چین کے تعلقات کو نئی جہت دے سکتی ہے بلکہ علاقائی سطح پر بھی نئے اتحادوں اور تعاون کی راہیں ہموار کر سکتی ہے۔