پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے تین ملکی سیریز کی فتوحات سیلاب متاثرین کے نام کر دیں
اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے تین ملکی سیریز میں حاصل ہونے والی دو اہم فتوحات کو ملک کے سیلاب متاثرین کے نام کر دیا ہے۔ پاکستان نے حال ہی میں یو اے ای اور افغانستان کو شکست دے کر اپنی کارکردگی کا لوہا منوایا ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس (پہلے ٹویٹر) پر جاری اپنے پیغام میں مائیک ہیسن نے کہا کہ "ہماری مسلسل یہ فتوحات پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام ہیں۔ اس مشکل وقت میں ہم سب کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں، جو شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "کچھ لوگ اس وقت بہت سخت حالات میں ہیں، ہم سب ان کی حفاظت اور قوت کے لیے دعا گو ہیں۔”
واضح رہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا رکھی ہے۔ خاص طور پر پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور حالات انتہائی تشویشناک ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پنجاب میں سیلاب کے باعث اب تک مختلف حادثات میں 30 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جب کہ کئی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں اور ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔
مائیک ہیسن کے اس اقدام کو کرکٹ شائقین اور عوام نے نہایت سراہا ہے، جس میں انہوں نے کھیل کی کامیابیوں کو انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ منسلک کیا ہے۔




