پاکستانتازہ ترین

ڈاکٹر طاہرالقادری کا انسانیت دوستی پر مبنی بڑا فیصلہ: عالمی میلاد کانفرنس کے اخراجات سیلاب متاثرین کی بحالی پر خرچ ہوں گے

لاہور: تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انسانیت نوازی کی روشن مثال قائم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس سال عالمی میلاد کانفرنس کے تمام اخراجات سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی پر خرچ کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ "پاکستان کے کئی علاقے اس وقت شدید سیلاب کی لپیٹ میں ہیں، ہزاروں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں، اور انسانیت زخم خوردہ ہے۔ یہ وقت سیاست یا تقریبات پر خرچ کرنے کا نہیں بلکہ مصیبت میں گھری ہوئی قوم کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔”

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں میں عالمی میلاد کانفرنس پر کروڑوں روپے کے اخراجات آتے تھے، مگر اس بار یہ رقوم سیلاب زدگان کی بحالی، خوراک، طبی امداد اور پناہ گاہوں کے قیام پر خرچ کی جائیں گی تاکہ متاثرین کو سہارا دیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سال عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے بجائے سادگی سے ایوانِ اقبال لاہور میں منعقد کی جائے گی۔ تاہم اس کی روحانی و علمی اہمیت برقرار رہے گی اور عوام کو پیغامِ میلاد النبی ﷺ کے ذریعے انسانیت، بھائی چارے اور خدمت خلق کی ترغیب دی جائے گی۔

واضح رہے کہ تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل ہر سال 11 اور 12 ربیع الاول کی شب مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس منعقد کرتی ہے، جس میں دنیا بھر کے جید علماء و مشائخ شریک ہوتے ہیں، اور لاکھوں عقیدت مند اس روحانی اجتماع میں شرکت کرتے ہیں۔

عوامی و سماجی حلقوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے "انسانیت کے حق میں قابل تقلید اقدام” قرار دیا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button