پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف چین کے سرکاری دورے پر روانہ، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کریں گے

اسلام آباد/بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر 4 ستمبر تک کے اہم دورے پر چین روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بھی کریں گے۔

وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے ہو گی، جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سی پیک فیز ٹو، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

وزیراعظم موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات جیسے نئے چیلنجز پر بھی اجلاس میں روشنی ڈالیں گے، اور خطے میں پائیدار ترقی اور تعاون پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

بیجنگ میں شیڈول سرگرمیاں:

وزیراعظم عالمی اینٹی فاشسٹ جنگ کی 80ویں سالگرہ پر منعقد ہونے والی فوجی پریڈ میں شرکت کریں گے، جس میں دنیا کے دیگر اہم عالمی رہنما بھی شریک ہوں گے۔

وہ ممتاز چینی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری کے مواقع، اور اقتصادی تعاون پر گفتگو کی جائے گی۔

وزیراعظم بیجنگ میں منعقدہ پاک-چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان قیادت سطح پر روابط کے تسلسل اور "آل ویڈر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” کو مزید مضبوط بنانے کی سمت میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات پر مسلسل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کریں گے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button