پاکستانتازہ ترین

وزیرِاعظم 30 اگست تا 4 ستمبر چین کا دورہ، ایس سی او اجلاس میں شرکت کریں گے، دفتر خارجہ

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف 30 اگست سے 4 ستمبر 2025 تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ چینی صدر شی جن پنگ کی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے، جس کا مقصد پاک-چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور خطے میں اقتصادی و اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینا ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ دیگر عالمی رہنماؤں کے ہمراہ خطے میں سلامتی، ترقی اور تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

بیجنگ میں وزیراعظم کی چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سے اہم ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جن میں دو طرفہ تعاون، سی پیک کے فیز ٹو، سرمایہ کاری، تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم شعبوں پر گفتگو کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف بیجنگ میں دوسری عالمی جنگ میں فاشزم کے خلاف فتح کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ خصوصی فوجی پریڈ میں بھی شرکت کریں گے، جس میں وہ صدر شی جن پنگ اور دیگر عالمی رہنماؤں کے ہمراہ موجود ہوں گے۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف بیجنگ میں ہونے والی پاک-چین بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کریں گے اور ممتاز چینی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا، تجارتی تعلقات کو وسعت دینا اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے مابین "ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری” کو مزید مضبوط بنانے کی عملی مثال ہے۔ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان قریبی روابط اس بات کا اظہار ہیں کہ دونوں دوست ممالک ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی حمایت، علاقائی و عالمی معاملات پر مشاورت، اور سی پیک جیسے منصوبوں کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button