
لاہور ; — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلابی صورتحال پر فوری ایکشن لیتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی پرزور اپیل کی ہے اور ضلعی انتظامیہ و ریسکیو اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ:
"عوام کی جانوں کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، نقصانات کا مکمل ازالہ یقینی بنائیں گے۔”
وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ متاثرہ علاقوں میں گھروں، فصلوں اور مویشیوں کو پہنچنے والے نقصان کا شفاف تخمینہ لگایا جا رہا ہے، اور متاثرین کو ان کا حق ہر صورت میں دیا جائے گا۔
مزید کہا کہ حکومت اس آزمائش کی گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ "ریلیف کے ساتھ ساتھ انصاف کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔”
عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی اور بچوں کی زندگیوں کو ترجیح دیں اور فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور امدادی ادارے مکمل الرٹ پر ہیں، اور ریلیف آپریشنز مسلسل جاری ہیں۔