
خاقان شاہنواز کا پیغام: پاکستان اور بھارت کی اصل جنگ غربت اور موسمیاتی تبدیلی سے ہے
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار و ماڈل خاقان شاہنواز نے ایک اہم ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی اصل جنگ ایک دوسرے سے نہیں بلکہ غربت اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اپنی ویڈیو میں خاقان شاہنواز نے عوام پر زور دیا کہ وہ حقیقی مسائل پر توجہ دیں اور دشمنی کی بجائے مل کر حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل دونوں ممالک کے درمیان پانی کے تنازعے پر میمز اور طنز کا تبادلہ ہوا تھا، لیکن مون سون کی شدید بارشوں نے دونوں طرف تباہی مچا دی۔
خاقان نے واضح کیا کہ مون سون کی تباہ کاریوں نے دونوں ممالک کو سکھایا کہ اصل لڑائی غربت اور موسمیاتی بحران کے خلاف ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ بجائے ایک دوسرے کے خلاف نفرت پھیلانے کے، دونوں ممالک کو مل بیٹھ کر موسمیاتی تبدیلی کے حل پر کام کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے اس مسئلے کو نظرانداز کیا تو مستقبل میں نہ پاکستان بچے گا، نہ بھارت، بلکہ صرف انٹرنیٹ پر بنائے گئے میمز رہ جائیں گے۔