کھیل

امارات کرکٹ بورڈ نے بھارت کے پاکستان میچ بائیکاٹ کے خدشات مسترد کر دیے ایشیا کپ کی تیاریاں مکمل، ٹکٹوں کی جعلی فروخت پر وارننگ بھی جاری

متحدہ عرب امارات: امارات کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ میچ کے بائیکاٹ کے خدشات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ایشیا کپ جو 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، اس کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

امارات کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر، سبحان احمد نے نمائندہ ’ایکسپریس‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام شریک ٹیموں کے کرکٹ بورڈز نے اپنی حکومتوں سے اجازت لے کر ایشیا کپ میں شرکت کی تصدیق کی ہے، اور انہیں پوری امید ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف میچ ضرور کھیلے گا۔ انہوں نے کہا کہ شائقین کی جانب سے بھی کسی قسم کے بائیکاٹ کا کوئی خطرہ نہیں، اور پچھلے ایونٹس کی طرح اس مرتبہ بھی کرکٹ اور سیاست کو الگ رکھا جائے گا۔

سبحان احمد نے بتایا کہ شائقین کرکٹ میچز کے ٹکٹوں کے لیے بے تاب ہیں لیکن منفی عناصر نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جعلی ٹکٹس آن لائن فروخت کرنے شروع کر دیے ہیں۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ ابھی باضابطہ ٹکٹنگ شروع نہیں ہوئی، اس لیے جعلی ٹکٹس خریدنے سے گریز کریں اور صرف آفیشل ویب سائٹ سے ہی ٹکٹ خریدیں۔

انہوں نے بتایا کہ امارات کرکٹ بورڈ جلد ایک ٹکٹنگ ایجنسی کے ساتھ معاہدہ کرے گا جس کے بعد آن لائن ٹکٹیں دستیاب ہو جائیں گی اور کوشش کی جائے گی کہ قیمتیں مناسب رکھی جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں سبحان احمد نے کہا کہ دبئی میں پاک بھارت شائقین کے لیے الگ اسٹینڈز مختص کرنے کی کوئی ہدایت نہیں ملی اور ماضی کی طرح شائقین ایک ساتھ بیٹھ کر میچ کا لطف اٹھائیں گے۔ تاہم، شارجہ کی مقامی حکومت نے پاک افغان شائقین کو الگ بٹھانے کی ہدایت کی ہے، اس لیے ٹرائنگولر سیریز میں ایسا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شائقین نارمل ویزا کے ذریعے آسانی سے متحدہ عرب امارات داخل ہو سکیں گے، جبکہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

آخر میں، سبحان احمد نے کہا کہ ایشیا کپ کا کوئی گرینڈ افتتاحی تقریب نہیں ہوگی بلکہ ایونٹ سادہ انداز میں شروع کیا جائے گا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button