پاکستانتازہ ترین

این ڈی ایم اے کی تشویش ناک رپورٹ: 50 سال میں پاکستان کے 60 فیصد گلیشیئرز غائب ہو سکتے ہیں

اسلام آباد: چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ اگر موجودہ ماحولیاتی حالات برقرار رہے تو آئندہ 50 برسوں میں پاکستان کے شمالی علاقوں میں موجود 50 سے 60 فیصد گلیشیئرز مکمل طور پر ختم ہو سکتے ہیں، جس کے سنگین ماحولیاتی، سماجی اور اقتصادی اثرات مرتب ہوں گے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی پہاڑی سلسلوں اور دریائی نظام سے جڑے تقریباً 200 ملین افراد براہ راست متاثر ہو سکتے ہیں۔ موجودہ وقت میں ملک کو مون سون بارشوں اور دریاؤں میں آنے والے شدید اور غیر روایتی سیلابی ریلوں کا سامنا ہے، جس نے قدرتی توازن کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ مون سون کے دوسرے حصے میں آزاد کشمیر اور ملک کے وسطی علاقوں میں غیر معمولی بارشوں کی پیش گوئی کی جا رہی ہے، جو زمینی کٹاؤ، لینڈ سلائیڈنگ اور شدید سیلاب کے خطرات کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔

ہیٹ ویوز (Heatwaves) کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتا ہوا درجہ حرارت گلیشیئرز کے تیز رفتار پگھلاؤ کا باعث بن رہا ہے، جو نہ صرف دریاؤں کے بہاؤ کو متاثر کرے گا بلکہ مستقبل میں پانی کی قلت، زراعت کے شعبے پر منفی اثرات، اور توانائی کے مسائل کو بھی جنم دے سکتا ہے۔

ماہرین نے ان انتباہات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری اور مؤثر ماحولیاتی حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیا ہے، تاکہ پاکستان مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات سے بچ سکے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button