پاکستانتازہ ترین

"ملک کے تین بڑے دریاؤں میں سیلابی صورتحال، پاک فوج امدادی کارروائیوں میں مصروف: ڈی جی آئی ایس پی آر”

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ملک اس وقت سیلابی صورتحال سے دوچار ہے، تاہم پاک فوج اور تمام متعلقہ ادارے پوری طاقت کے ساتھ عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، پنجاب اور اب سندھ میں بھی ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوجی جوان اور افسران اس نازک وقت میں قوم کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن امداد فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ خراب موسمی حالات کے باوجود پاک فوج کے انجینئرز نے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں 3 بڑے پلوں کی مرمت مکمل کرلی ہے جبکہ قراقرم ہائی وے کو بھی کھول دیا گیا ہے۔ امدادی کارروائیوں میں پاک فوج کے دو جوان شہید اور دو زخمی ہوئے، جن کی قربانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

کرتارپور، پنجاب، خیبرپختونخوا اور دیگر متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہیں، جہاں کشتیوں اور دیگر وسائل کے ذریعے مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ 104 سڑکوں کو مکمل کلیئر کیا جا چکا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ سرحدی نگرانی بھی پوری قوت سے جاری ہے اور کوئی بھی دفاعی چوکی خالی نہیں کی گئی۔ "حالت جنگ ہو یا امن، پاک فوج ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے، اور باطل قوتیں عوام اور فوج کے درمیان دراڑ ڈالنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی،” انہوں نے کہا۔

ادھر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر سندھ میں بھی ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور تمام اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پیشگی انتظامات مکمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سندھ حکومت کے ساتھ مکمل ڈیٹا شیئر کیا جائے گا، خاص طور پر کوٹری اور گدو بیراج کے ممکنہ دباؤ کے پیش نظر انخلاء کے فیصلے پیشگی طور پر طے کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں ستلج، چناب اور راوی میں پانی کی سطح بلند ہو چکی ہے، جس پر این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومتیں مکمل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیشگی اطلاع کے نظام نے اہم کردار ادا کیا، جس سے مقامی افراد کا بروقت انخلا ممکن ہوا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں، اور ریلیف سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کر چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں خیمے، ادویات اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگا کر بحالی کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button