پاکستانتازہ ترین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، تربیتی سہولتوں کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں پر اہم اقدامات

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر تعمیر گیارہ منزلہ ہاسٹل اور دیگر تربیتی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس ہاسٹل میں 126 کمروں کی تعمیر جاری ہے، جسے آئندہ پانچ ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے سوئمنگ پول کا دورہ بھی کیا اور زیر تربیت پولیس افسران کے درمیان سوئمنگ مقابلے کا مشاہدہ کیا، جہاں انہوں نے پروبیشنرز اور انسٹرکٹرز کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے کلاس رومز، آفیسرز میس، کھانے کے معیار اور دیگر سہولتوں کا بھی معائنہ کیا، اور زیر تربیت افسران سے براہ راست ملاقات کر کے ان کی آراء اور تجاویز سنیں۔

اس موقع پر محسن نقوی نے ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں اکیڈمی کی تنظیمِ نو، سابقہ فیصلوں پر عمل درآمد اور زیر تربیت افسران کی ایف آئی اے، سائبر کرائم، سیف سٹی اور فرانزک شعبوں سے اٹیچمنٹ جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔

نیشنل پولیس اکیڈمی کے ڈپٹی کمانڈنٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیشنل کمانڈ کورس مکمل کرنے والے اے ایس پیز کو اب ایم ایس کریمنالوجی اور پولیس اسٹڈیز کی ڈگری دی جائے گی، جب کہ تربیتی پروگرام میں تھانوں کے باقاعدہ دورے اور مختلف تحقیقاتی اداروں کے ساتھ میدانی تجربہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

زیر تربیت افسران نے سہولتوں میں بہتری پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، سی ڈی اے انجینیئرنگ ونگ کے ممبر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button