مری: وزیراعظم شہباز شریف چھانگلا گلی پہنچ گئے جہاں ان کی مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے اہم ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق، موجودہ سیاسی حالات اور پنجاب میں سیلابی صورتحال پر مشاورت کے لیے نواز شریف نے وزیراعظم کو خصوصی طور پر طلب کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی چھانگلا گلی پہنچ چکی ہیں، جہاں پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان جاری مشاورت میں سیاسی و انتظامی امور، پنجاب کی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں اور ممکنہ اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
یہ مشاورت مسلم لیگ (ن) کی اندرونی صف بندی اور حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کی ایک کوشش سمجھی جا رہی ہے، جو آنے والے دنوں میں سیاسی منظرنامے پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔





