گوگل ڈرائیو میں ویڈیو ایڈیٹنگ کا انقلابی فیچر متعارف
کیلیفورنیا (27 اگست 2025) — دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے کلاؤڈ اسٹوریج پلیٹ فارم گوگل ڈرائیو میں ویڈیو ایڈیٹنگ فیچر کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس سے صارفین براہِ راست اپنی ویڈیوز کو ڈرائیو میں ایڈٹ کر سکیں گے۔
گوگل کی جانب سے حالیہ مہینوں میں ڈرائیو میں متعدد اپڈیٹس متعارف کرائی گئی تھیں جن میں آٹومیٹک کیپشننگ، ویژوئل ری ڈیزائن، ٹائم اسٹیمپڈ ٹرانسکرپٹ، انسٹنٹ پلے بیک، اور یوٹیوب جیسے تھمب نیل پری ویو شامل ہیں۔ اب، ان فیچرز کی فہرست میں ویڈیو ایڈیٹنگ کا طاقتور ٹول بھی شامل ہو چکا ہے۔
گوگل وڈز کے ذریعے ویڈیو ایڈیٹنگ
نئے فیچر کے تحت، گوگل وڈز (Google Vids) ایڈیٹر کو ڈرائیو میں ویڈیو پلے کرتے وقت اسکرین کے اوپری دائیں جانب جامنی رنگ کے آئیکون کی صورت میں دیکھا جا سکے گا۔ اس پر کلک کرنے سے ویڈیو براہِ راست گوگل وڈز میں کھل جائے گی، جہاں صارف درج ذیل ایڈیٹنگ آپشنز سے استفادہ حاصل کر سکیں گے:
ویڈیو ٹرمنگ
میوزک اور آڈیو ایڈیشن
ٹیکسٹ اوورلے شامل کرنا
سلاڈز اور گرافکس کا اضافہ
ایڈیٹنگ مکمل ہونے پر ایک نئی وڈز فائل تیار ہوتی ہے، جسے بعد میں الگ سے سیو یا ایکسپورٹ کیا جا سکتا ہے۔
کچھ حدود بھی ہیں
گوگل کے مطابق، اس فیچر کو فی الحال کچھ حدود کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ ایڈیٹر صرف اُن ویڈیوز پر کام کرے گا جو:
MP4، QuickTime، OGG یا WebM فارمیٹ میں ہوں
35 منٹ سے کم دورانیے کی ہوں
4 جی بی سے کم سائز کی ہوں
صرف ورک اسپیس صارفین کے لیے
یہ نیا ویڈیو ایڈیٹنگ ٹول ابتدائی طور پر صرف Google Workspace ڈومین کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا، تاہم مستقبل میں اسے عام صارفین کے لیے بھی دستیاب کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔




