فرینکفرٹ (27 اگست 2025) — جرمن اخبار فرینکفرٹر الگمائنے نے ایک اہم انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ ہفتوں میں چار مرتبہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم مودی نے ان کالز کا جواب نہیں دیا۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق، مودی کا یہ رویہ نئی دہلی میں "شدید غصے اور احتیاط” کی عکاسی کرتا ہے، جو دونوں ملکوں کے تعلقات میں موجود کشیدگی کی تازہ تصویر پیش کرتا ہے۔
یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ٹرمپ انتظامیہ نے بھارت پر 50 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کیا، جو برازیل کے بعد کسی بھی ملک پر سب سے زیادہ ہے۔ امریکی تھنک ٹینک سے وابستہ تجزیہ کار مائیکل کوگلمین نے کہا کہ اگر یہ دعویٰ درست ہے تو اس کا مطلب ہے کہ امریکا اور بھارت کے تعلقات کسی بحران سے گزر رہے ہیں اور دونوں رہنماؤں کے قریبی تعلقات بھی متاثر ہوئے ہیں۔
گزشتہ چند ماہ سے امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدے کے عدم حصول اور سخت ٹیرف عائد کرنے کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جس نے دونوں ممالک کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔





