پاکستانتازہ ترین

وفاقی حکومت کا عشرہ رحمت للعالمین ﷺ شایانِ شان منانے کا اعلان، سیرت النبی ﷺ کانفرنسیں ہوں گی

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ ہجری سال 1447 کو سرورِ کائنات، حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی 1500 ویں ولادتِ باسعادت کے طور پر مذہبی عقیدت اور احترام سے منایا جائے گا۔

اس مبارک موقع پر یکم تا 12 ربیع الاول ملک بھر میں "عشرہ رحمت للعالمین ﷺ” منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں مختلف مذہبی، تعلیمی اور سماجی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

مرکزی تقریب: 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس

وفاقی وزارت مذہبی امور کے اعلامیے کے مطابق عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کی سب سے بڑی اور نمایاں تقریب اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس ہوگی۔
کانفرنس میں دنیا بھر سے نامور علمائے کرام، اسلامی اسکالرز، حکومتی نمائندے، سفارت کار اور دیگر مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

اس سال کانفرنس کا موضوع ہو گا:
"سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں”

ملک گیر تقریبات کا اعلان

سردار محمد یوسف کے مطابق عشرہ کے دوران ملک بھر میں درج ذیل تقریبات منعقد کی جائیں گی:

صوبائی سطح پر سیرت کانفرنسیں

تعلیمی اداروں میں تقریری و نعتیہ مقابلے

قرآن و سیرت نمائش

11 ربیع الاول کی شب قومی محفلِ نعت

قومی مقابلہ کتبِ سیرت، نعت و مقالات

ان سرگرمیوں کا مقصد نئی نسل کو سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں کردار سازی، رواداری، باہمی احترام، امن و محبت اور ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کی جانب راغب کرنا ہے۔

صوبوں کو ہدایات اور میڈیا کا کردار

وزارت نے تمام صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں ان تقریبات کا بھرپور اہتمام کریں اور تصاویر و رپورٹس وزارت کو ارسال کریں، تاکہ ایک جامع قومی رپورٹ تیار کی جا سکے۔

سردار محمد یوسف نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا سیرت النبی ﷺ کے پیغام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے ان تقریبات کی مؤثر کوریج کو یقینی بنایا جائے۔

عوام سے اپیل

آخر میں وفاقی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس موقع پر غریبوں، ناداروں اور سیلاب متاثرین کی مدد کرکے سنتِ نبوی ﷺ پر عمل کریں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button