
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، جیل حکام اور پولیس افسران سمیت آٹھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے سی پی او راولپنڈی کو قانونی درخواست بھجوا دی ہے۔
یہ درخواست عمران خان کے وکیل تابش فاروق کی جانب سے کوریئر سروس کے ذریعے سی پی او آفس راولپنڈی ارسال کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو اڈیالہ جیل میں بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
درخواست میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ ساتھ سپرنٹنڈنٹ جیل، اے ایس پی زینب، ایس ایچ او اعزاز اور دیگر افسران کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ وکیل کے مطابق ان افسران پر الزام ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عمران خان کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے سیل میں روشنی موجود نہیں، انہیں اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جو نہ صرف انسانی حقوق کی پامالی ہے بلکہ عدالتی احکامات کی بھی خلاف ورزی ہے۔ وکیل نے مزید مؤقف اپنایا کہ عمران خان کی بہنوں کو ان سے ملاقات سے روکنا اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ مریم نواز ماضی میں عمران خان کے خلاف دھمکی آمیز بیانات دے چکی ہیں اور انہیں ’فتنہ‘ قرار دیتے ہوئے سنگین نتائج کی بات کی تھی، جس بنا پر ان کے کردار کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔
وکیل نے سی پی او راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ آٹھ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان پر ایف آئی آر درج کی جائے۔