
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان مقامی ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو سستی، آرام دہ اور بروقت سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان ریلویز کی سیکیورٹی صورتحال، ریلوے اراضی پر تجاوزات اور سفری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر کے درمیان ٹرین سروس کے آغاز کے ساتھ ساتھ ریلوے اراضی پر تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
بلوچستان میں ریلوے لائنز اور ٹرینوں کی سیکیورٹی سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی، جس میں ریلوے تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات تجویز کیے گئے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا:
"ٹرینوں اور ریلوے ٹریکس کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ ریلوے پولیس کو مزید فعال کیا جائے گا تاکہ مسافروں کی جان و مال کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔”
عوامی حلقوں کی جانب سے اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کو وقت اور لاگت کی بچت کے ساتھ بہتر سفری تجربہ بھی حاصل ہوگا۔