
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے دوران علیمہ خان کا بیٹا، حسان نیازی کے ساتھ موجود تھا، جسے مکمل شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی کسی سیاسی جماعت کو نشانہ بنانے کی نہیں بلکہ ان عناصر کے خلاف ہے جنہوں نے قانون شکنی کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کو بارہا کہا گیا ہے کہ وہ ایسے عناصر سے لاتعلقی کا اعلان کرے جنہوں نے ریاستی املاک کو نقصان پہنچایا اور قانون کی خلاف ورزی کی۔
وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شواہد کی روشنی میں کارروائیاں کر رہے ہیں اور کسی بے گناہ کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے دوران ملوث افراد کی گرفتاریوں کا عمل شفاف اور قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے جاری ہے۔
طلال چوہدری نے تحریک انصاف کو قومی سطح پر مذاکرات کی پیشکش سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پی ٹی آئی واقعی گرینڈ ڈائیلاگ چاہتی ہے تو قومی اسمبلی کے اسپیکر کی پیشکش قبول کرے، کیونکہ اسپیکر پہلے ہی اس حوالے سے اپنا دفتر مذاکرات کے لیے کھلا رکھنے کا اعلان کر چکے ہیں۔
ضمنی انتخابات سے متعلق سوال پر طلال چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان کی نااہلی کے بعد خالی نشستوں پر جو بھی عوام فیصلہ کریں گے، حکومت اسے کھلے دل سے قبول کرے گی۔