اوورسیزتازہ ترین

کیف: زیلنسکی نے پوتن سے براہِ راست ملاقات کو امن کی کنجی قرار دے دیا

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ براہِ راست ملاقات ہی امن قائم کرنے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔ یہ بیان زیلنسکی نے یوکرین کے یومِ آزادی کی تقریب کے دوران دیا، جس میں امریکی اور دیگر مغربی نمائندے بھی شریک تھے۔

صدر زیلنسکی نے کہا کہ وہ "روس کو امن کی طرف دھکیلنے” کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے امریکی ایلچی کیتھ کیلوگ کو ’’آرڈر آف میرٹ‘‘ ایوارڈ بھی پیش کیا۔

دوسری جانب، جنگ کے چوتھے سال میں داخل ہونے کے باوجود لڑائی میں شدت جاری ہے۔ یوکرین نے روس کے مختلف علاقوں پر ڈرون حملے کیے، جن میں ایک ڈرون کورسک نیوکلیئر پاور پلانٹ کے قریب گرایا گیا۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرینی ڈرونز کو سینٹ پیٹرزبرگ سمیت متعدد دیگر علاقوں میں بھی مار گرایا گیا ہے۔

اتوار کے روز دونوں ممالک نے 146، 146 قیدیوں اور شہریوں کو رہا کیا، جو تنازع کے دوران باہمی تعاون کا ایک نادر موقع سمجھا جا رہا ہے۔

روسی فوج نے مشرقی ڈونیٹسک کے دو دیہات پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے، لیکن یوکرینی کمانڈر اولیکساندر سیرسکی نے کہا ہے کہ تین دیہات یوکرین نے واپس حاصل کر لیے ہیں۔

کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے کیف کے دورے کے دوران کہا کہ یوکرین کی خودمختاری اور آزادی کا فیصلہ روس نہیں کرے گا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button