
اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پانی اور سیوریج چارجز بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔ سی ڈی اے بورڈ کے فیصلے کے مطابق، شہر کے تقریباً 80 ہزار پانی کے کنکشن رکھنے والے افراد سے پلاٹ کے سائز کے حساب سے نئے واٹر چارجز وصول کیے جائیں گے۔
سی ڈی اے کی واٹر اینڈ سینیٹیشن کی مد میں سالانہ آمدن تقریباً 40 لاکھ روپے ہے، جبکہ اخراجات 4 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، جس کی وجہ سے پانی اور سیوریج کے چارجز میں ترمیم ناگزیر ہو گئی ہے۔
عوامی سماعت 3 ستمبر کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی، جہاں صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک شہری اپنی آراء اور تجاویز پیش کر سکیں گے۔ سی ڈی اے نے تمام شہریوں کو اس سماعت میں شرکت کی دعوت دی ہے تاکہ وہ پانی اور سیوریج چارجز میں تبدیلی پر اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں۔
سی ڈی اے اسلام آباد واٹر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے اس حوالے سے عوامی نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے تاکہ شہر کے رہائشی نئے چارجز اور عوامی سماعت کی تفصیلات سے آگاہ ہو سکیں۔