پاکستانتازہ ترین

چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات، پاک–چین تعلقات مزید مضبوط کرنے پر اتفاق

اسلام آباد:
چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ای نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی سلامتی، اور اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد چینی وزارت خارجہ کی جانب سے ایک باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے جس میں پاکستانی فوج کو قومی استحکام کا ستون قرار دیا گیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق، وزیرِ خارجہ وانگ ای نے کہا کہ پاکستانی فوج پاک–چین دوستی اور تعاون کی مضبوط محافظ ہے اور دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے فیصلوں پر عمل درآمد میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں غیر یقینی حالات کے باوجود پاک–چین مضبوط تعلقات علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وانگ ای نے مزید کہا کہ چین نے اپنی ہمسایہ پالیسی میں ہمیشہ پاکستان کو اولین ترجیح دی ہے اور وقت کے کڑے امتحانات کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

چینی وزیرِ خارجہ نے یقین دہانی کرائی کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر چین کو پاکستان کا "آہنی دوست” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک–چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی مانند مضبوط ہے اور پوری پاکستانی قوم چین کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کرتی ہے۔

فیلڈ مارشل نے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں چین کے قیمتی تعاون پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی فوج انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی کے میدان میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رہیں گے، اور پاک–چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ترقی کا سفر جاری رکھا جائے گا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button