پاکستانتازہ ترین

ڈیرہ اسماعیل خان میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، چھتیں گرنے سے 5 افراد جاں بحق، 60 سے زائد زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان (نمائندہ خصوصی) — ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور گردونواح میں گزشتہ شب آنے والی تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش نے تباہی مچا دی۔ مختلف علاقوں میں مکانات کی چھتیں گرنے، درخت اکھڑنے اور بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 11 ہزار کے وی کا مین ٹاور گرنے سے شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے، جبکہ متعدد فیڈر بھی ٹرپ کر چکے ہیں۔

بارش کے نتیجے میں پہاڑپور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ گریڈ روڈ پر سولر پینل گرنے کے ایک اور حادثے میں تین قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔

مجموعی طور پر مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات میں پانچ افراد جاں بحق اور 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈی آئی خان منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

شدید بارش کے بعد کئی مقامات پر درخت اور کھمبے گرنے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے جبکہ شہر کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مطابق وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور تمام ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کی لٹکتی تاروں اور گرے ہوئے کھمبوں سے دور رہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button