لندن/اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے علیمہ خان کے بیٹوں کی گرفتاری پر سخت ردعمل دیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کے خاندان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
جمائما نے اپنے ایک ٹوئٹ میں انکشاف کیا کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شاہریز اور شیرشاہ کو چند روز قبل ان کے گھروں سے بچوں کے سامنے اغوا کر کے جیل منتقل کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کے ایک اور کزن حسان نیازی کو بھی ایک سال سے فوجی جیل میں قید رکھا گیا ہے۔
جمائما کے مطابق ان کے بیٹوں کو بھی پاکستان آ کر اپنے والد سے ملاقات کرنے پر گرفتاری کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا:
"کسی بھی ریاست کو یہ اجازت نہیں دی جانی چاہیے کہ وہ سیاسی انتقام کے لیے خاندانوں اور بچوں کو نشانہ بنائے۔”
سابق خاتونِ اول کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر بھی بحث کو جنم دیا ہے، جہاں متعدد صارفین نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے، جبکہ حکومتی مؤقف کی تاحال وضاحت سامنے نہیں آئی۔





