
کراچی (نیوز ڈیسک) — پاکستان میں ماہ ربیع الاول 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج بروز اتوار، کراچی میں منعقد ہوگا۔
اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین، صاحبزادہ سید ابوالخبیر آزاد کریں گے۔ یہ اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں منعقد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کراچی کے مقامی اراکین، وزارتِ مذہبی امور، محکمہ سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
اجلاس کے بعد چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔
کمیٹی نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو چاند نظر آئے تو وہ فوری طور پر قریبی ضلعی رویت ہلال کمیٹی یا مرکزی کمیٹی کو مطلع کریں تاکہ شہادتوں کی بروقت تصدیق کی جا سکے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں پہلے ہی ربیع الاول کا چاند نظر آ چکا ہے، اور وہاں 24 اگست بروز ہفتہ کو یکم ربیع الاول منائی جائے گی۔ پاکستان میں چاند کی رویت کی صورت میں یکم ربیع الاول اتوار 25 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔