پاکستانتازہ ترین

حکمران اتحاد کا بڑا فیصلہ: ن لیگ اور پیپلز پارٹی ضمنی انتخابات مل کر لڑیں گی

اسلام آباد:
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے ضمنی انتخابات میں باہمی اتحاد کے تحت حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کے خلاف امیدوار کھڑا نہ کرنے اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے فارمولے پر متفق ہونے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اہم اعلان ن لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر حنیف عباسی اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔

راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ دونوں جماعتوں کی قیادت کی ہدایت پر یہ ملاقات ہوئی، جس میں اتفاق کیا گیا کہ ضمنی انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ "جس حلقے میں عام انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی کا امیدوار رنر اپ تھا، وہاں مسلم لیگ (ن) ہماری حمایت کرے گی، اور جہاں ن لیگ کا امیدوار دوسرے نمبر پر تھا وہاں پیپلز پارٹی اسے سپورٹ کرے گی۔”

انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان ایک واضح فارمولہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت ضمنی انتخابات میں ایک دوسرے کے خلاف امیدوار کھڑا نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر ن لیگی رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ "ہم سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اتحادی ہیں اور اب ضمنی انتخابات بھی مل کر لڑیں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم مشترکہ کوششوں سے شاندار کامیابی حاصل کریں گے۔”

سیاسی مبصرین کے مطابق، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا یہ فیصلہ اپوزیشن جماعتوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے اور آئندہ انتخابی منظرنامے پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button