
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دارالحکومت اسلام آباد میں تجاوزات کے مکمل خاتمے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی قبضے یا تعمیرات کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات سے متعلق نئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ 30 ستمبر 2025 تک غیر قانونی مکینوں کے خلاف آپریشن مکمل کیا جائے اور متعلقہ سیکٹرز کو تجاوزات سے مکمل طور پر کلیئر کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کارروائی میں شفافیت، قانون کی مکمل پاسداری اور بلا امتیاز عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں ڈپلومیٹک انکلیو اپگریڈیشن پراجیکٹ کے فیز ون پر کام جلد از جلد شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی، تاکہ سفارتی زون میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔
علاوہ ازیں، فیصلہ کیا گیا کہ ٹی چوک پر فلائی اوور اور شاہین چوک پر انڈر پاس کے منصوبوں کا سنگ بنیاد ستمبر کے آغاز میں رکھا جائے گا، جس سے ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ صرف انتظامی قدم نہیں بلکہ عوامی مفاد کا اہم معاملہ ہے، جس سے شہر کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بہتر سہولیات بھی فراہم ہوں گی۔