
بالی ووڈ جوڑی کا بریک اپ؟ گووندا اور اہلیہ کے درمیان طلاق کا معاملہ عدالت پہنچ گیا
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان طلاق کی خبریں ایک بار پھر منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، سنیتا نے شادی کے 38 سال بعد شوہر کے خلاف سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے باندرہ فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیتا آہوجا نے درخواست میں گووندا پر بےوفائی، ذہنی ظلم و زیادتی اور رشتے سے لاتعلقی جیسے سنگین الزامات لگائے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ اداکار کا رویہ ازدواجی تعلقات کے لیے نقصان دہ اور ناقابلِ برداشت ہو چکا ہے۔
یہ درخواست ہندو میرج ایکٹ 1955 کی مختلف دفعات کے تحت دائر کی گئی ہے۔ عدالت نے اس سلسلے میں اداکار گووندا کو 25 مئی کو طلب کیا تھا۔ اس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان مفاہمت کی کوششیں جاری ہیں، مگر اب تک کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
رپورٹس کے مطابق، سنیتا آہوجا عدالت میں باقاعدگی سے پیش ہو رہی ہیں، جب کہ گووندا کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ گووندا اور سنیتا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی۔ دونوں کو ماضی میں بالی ووڈ کی ایک مضبوط اور مثالی جوڑی کے طور پر جانا جاتا تھا۔ ان کے دو بچے بھی ہیں۔
اس معاملے نے نہ صرف ان کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے بلکہ بالی ووڈ میں بھی چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہیں کہ کیا یہ مشہور جوڑی واقعی علیحدگی کی راہ پر گامزن ہے؟