
نوواک جوکووچ نے گرینڈ سلیم ایونٹس کی انعامی رقم میں اضافے کا مطالبہ کر دیا
سربیئن ٹینس کے عظیم کھلاڑی نوواک جوکووچ نے چاروں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں انعامی رقم میں مزید اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ 24 بار گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹل جیتنے والے جوکووچ نے کہا ہے کہ اگرچہ موجودہ صورتحال ان کے لیے مثالی ہو سکتی ہے، لیکن مجموعی طور پر کھلاڑیوں کے لیے انعامات میں بہتری کی گنجائش ہے۔
جوکووچ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، "مجھے یقین ہے کہ گرینڈ سلیم انتظامیہ تمام کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقم کو بڑھانے پر غور کر رہی ہے، اور یہ بہت مثبت بات ہے۔ ہم سب کی خواہش ہے کہ اس حوالے سے بہتر انتظامات کیے جائیں۔”
رواں سال انعامی رقم کا مسئلہ ٹینس کی دنیا میں زیرِ بحث رہا ہے، جہاں سرفہرست 20 مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے ایک مشترکہ خط پر دستخط کر کے گرینڈ سلیم ایونٹس کی انتظامیہ سے کھلاڑیوں کی آمدنی میں اضافہ کا مطالبہ کیا تھا۔
گرینڈ سلیم کے چار بڑے ٹورنامنٹس آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن، ومبلڈن اور یو ایس اوپن ہر سال دنیا بھر کے بہترین کھلاڑیوں کو اکٹھا کرتے ہیں اور اس خطے میں انعامی رقم میں اضافہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود میں ایک اہم قدم ہوگا۔