اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے دو بیٹوں، شاہ ریز خان اور شیر شاہ خان، کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لے لیا ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے گرفتار ملزم شاہ ریز خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
پولیس نے عدالت سے شاہ ریز خان کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت کے جج منظر علی گل نے دلائل سننے کے بعد 8 روزہ ریمانڈ منظور کیا۔ شاہ ریز کو اب تفتیش کے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب علیمہ خان نے بیٹوں کی گرفتاری پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر اور ان کے خاندان پر جتنا بھی دباؤ ڈالا جائے، وہ پیچھے ہٹنے والوں میں سے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی فیصلہ کر چکے ہیں کہ کسی دباؤ میں آئے بغیر عمران خان کا پیغام عوام تک پہنچاتے رہیں گے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ اُن کے خاندان نے پاکستان کے قیام کے وقت کی قربانیوں کی کہانیاں اپنے والدین سے سن رکھی ہیں، اور آج وہ خود اس جدوجہد کا حصہ بننے کو اعزاز سمجھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کل وہ لوگ جو بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں پر خوشی منا رہے تھے، آج اُن کے اہل خانہ کو گرفتار کیا جا رہا ہے، حتیٰ کہ چھوٹے بچوں تک کو نہیں بخشا جا رہا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی قسم کے خوف میں مبتلا نہیں اور اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔





