
فیروز خان کی اہلیہ ڈاکٹر زینب فیروز کے بیان پر سوشل میڈیا پر تنازعہ
اسلام آباد: پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کی اہلیہ اور ماہر نفسیات ڈاکٹر زینب فیروز کے گھریلو تشدد کے خلاف بیان نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ ڈاکٹر زینب نے کہا ہے کہ تشدد کبھی بھی محبت کی علامت نہیں ہو سکتا اور کسی بھی خاتون کو اپنی عزت نفس پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔
یہ موقف اس وقت سامنے آیا جب ڈاکٹر نبیہ علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ گھریلو تشدد کو جواز دینے کی کوشش کر رہی تھیں، جس پر ڈاکٹر زینب نے سخت تنقید کی۔ تاہم، سوشل میڈیا صارفین نے ڈاکٹر زینب کے بیان پر فیروز خان کے ماضی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہیں سب سے پہلے اپنے شوہر کو نصیحت کرنی چاہیے، جن پر سابقہ اہلیہ پر تشدد کے الزامات ہیں۔
اس کے علاوہ کچھ صارفین نے ڈاکٹر زینب پر اپنے مریض سے شادی کرنے اور پیشہ ورانہ ضابطے کی خلاف ورزی کا بھی الزام عائد کیا۔ اس سوشل میڈیا بحث نے فیروز خان اور ان کی اہلیہ کی ذاتی و پیشہ ورانہ زندگی کو دوبارہ خبروں کی زینت بنا دیا ہے۔
یہ واقعہ پاکستان میں گھریلو تشدد کے موضوع پر جاری بحث میں ایک نیا موڑ لے آیا ہے اور سوشل میڈیا پر اس موضوع پر تبادلہ خیال جاری ہے۔