
لاہور: جمعة المبارک کے موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر، خصوصاً لاہور میں سیکیورٹی اقدامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ آئی جی پنجاب نے تمام ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مساجد کا دورہ کریں اور شہریوں کے مسائل مقامی سطح پر سن کر حل کریں۔
علاقائی سطح پر عوام سے براہِ راست رابطہ
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیس افسران نماز جمعہ کے بعد مساجد میں موجود شہریوں سے ملاقات کریں، ان کے مسائل سنیں اور فوری حل کے لیے اقدامات کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ "پولیس عوام کے دروازے پر جا کر سہولت دے، یہی اصل سروس ہے۔”
سیکیورٹی اقدامات مزید سخت
پولیس افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جمعة المبارک کے موقع پر مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور دیگر اہم مقامات پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنائیں۔ ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر نفری میں اضافہ اور گشت کو مؤثر بنانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
ممبر و محراب کا کردار
آئی جی پنجاب نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "معاشرے کی اصلاح، قیامِ امن اور انصاف کی فراہمی میں ممبر و محراب کا کردار کلیدی ہے، اس لیے علما کرام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنا پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔”
عوامی آگاہی
افسران کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مساجد میں موجود شہریوں کو پولیس کی جانب سے دی جانے والی سہولیات، ہیلپ لائنز، اور سروسز سے آگاہ کریں تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہو۔