تاریخی کامیابی: پاکستان نے لیٹم کپ آئس ہاکی چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا
فلوریڈا: پاکستان نے اپنی تاریخ میں پہلی بار آئس ہاکی کے میدان میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر ایک اہم اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں منعقدہ لیٹم کپ ڈویژن تھری آئس ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان نے پیرو کو 1-6 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ناقابلِ شکست مہم
پاکستانی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تمام میچز میں اپنے حریفوں کو واضح برتری سے شکست دی۔ فائنل میں بھی دفاع اور حملے میں بہترین ٹیم ورک نے فتح کو یقینی بنایا، جسے ماہرین نے "آئس پر مکمل غلبہ” قرار دیا۔
خواتین کی ٹیم کی بھی شاندار کارکردگی
اسی ایونٹ میں پاکستان کی خواتین آئس ہاکی ٹیم نے بھی نمایاں کارکردگی دکھائی اور ڈویژن ٹو کے مقابلوں میں کانسی کا تمغہ (براؤن میڈل) جیت کر تاریخ رقم کی۔
بین الاقوامی سطح پر پذیرائی
لیٹم کپ چیمپئن شپ میں 17 ممالک اور خطوں کی 62 سے زائد ٹیموں نے شرکت کی، جن میں ارجنٹینا، میکسیکو، پیرو، برازیل، لبنان، اسرائیل، اور کوسٹا ریکا شامل تھے۔ اتنے بڑے بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کی کامیابی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
پاکستان میں آئس ہاکی کا نیا دور
پاکستان میں آئس ہاکی ایک غیر روایتی اور کم معروف کھیل سمجھا جاتا ہے، تاہم اس کامیابی کو ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس جیت سے شمالی علاقہ جات اور سرد خطوں میں آئس ہاکی سمیت دیگر سرد موسم کے کھیلوں کو فروغ ملے گا۔




