اوورسیزتازہ ترین

امریکا نے غیر ملکی ٹرک ڈرائیوروں کو ویزے جاری کرنا بند کر دیے

واشنگٹن: امریکا نے فوری طور پر غیر ملکی کمرشل ٹرک ڈرائیوروں کے لیے ورک ویزا کا اجرا معطل کر دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت کمرشل ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کام کرنے والے غیر ملکی ورکرز کے لیے ویزے تاحکم ثانی جاری نہیں کیے جائیں گے۔

مارکو روبیو نے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد داخلی لیبر مارکیٹ کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لینا اور قومی سلامتی کے تناظر میں پالیسی کا ازسرنو جائزہ لینا ہے۔

غزہ سے متعلق ویزوں کا اجرا بھی معطل

اس سے قبل رواں ہفتے امریکی محکمہ خارجہ نے غزہ سے آنے والے فلسطینی شہریوں کے لیے بھی مختصر دورانیے کے سیاحتی ویزوں کے اجرا کو روکنے کا اعلان کیا تھا۔ محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو حالیہ دنوں میں جاری کیے گئے ویزوں کا "جامع سیکیورٹی اور انسانی بنیادوں پر جائزہ” لیا جا رہا ہے۔

محکمہ خارجہ کے مطابق، قلیل تعداد میں جاری ویزوں کی مکمل جانچ پڑتال کے لیے اس عارضی پابندی کا نفاذ ضروری تھا۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جاری کیے گئے ویزوں کی شفافیت اور سیکیورٹی تقاضوں کو یقینی بنانے کے لیے بھی پالیسی پر نظر ثانی کی جا رہی ہے۔

پس منظر

تجزیہ کاروں کے مطابق، امریکا کی جانب سے یہ اقدامات عالمی حالات، داخلی سیکیورٹی اور امیگریشن پالیسیوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ فیصلے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا میں غیر قانونی امیگریشن، سرحدی کنٹرول اور ورک ویزا پالیسیوں پر قومی سطح پر شدید بحث جاری ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button