
برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام سے دلی تعزیت کی ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام خط میں کہا ہے کہ وہ اس افسوسناک قدرتی آفت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، اور برطانوی عوام کی جانب سے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا پیغام پہنچاتے ہیں۔
خط میں سر کیئر اسٹارمر نے کہا، "میری دلی ہمدردیاں تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، خصوصاً ان لوگوں کے ساتھ جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔”
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد شہریوں کے لیے یہ صورتحال خاصی تشویشناک ہے، اور وہ بھی اپنے آبائی وطن کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں مکمل ہمدردی رکھتے ہیں۔
برطانوی وزیراعظم نے پاکستان میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ایمرجنسی رسپانس ٹیموں اور رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ نامساعد حالات کے باوجود انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔
مزید برآں، سر کیئر اسٹارمر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ برطانوی حکومت نہ صرف فوری امداد میں شریک ہے بلکہ طویل مدتی بحالی اور تعمیر نو کے عمل میں بھی پاکستان کا ہر ممکن ساتھ دے گی۔