پاکستانتازہ ترین

علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان کا مبینہ اغوا، پی ٹی آئی کا شدید ردعمل

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے بیٹے، شاہریز خان، کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے سادہ لباس میں ملبوس افراد نے مبینہ طور پر اغوا کر لیا ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق مسلح افراد نے زبردستی گھر میں داخل ہو کر دروازے توڑے، شاہریز خان کو بیڈ روم سے اٹھا کر لے گئے اور گھریلو ملازمین کو بھی مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعہ شاہریز خان کے کم سن بچوں کے سامنے پیش آیا، جس سے پورا خاندان خوف و ہراس کا شکار ہے۔ ترجمان نے الزام عائد کیا کہ یہ اقدام "حکومتی دہشت گردی” کی ایک سنگین مثال ہے اور اس کا مقصد صرف علیمہ خان کے بیٹے کو نشانہ بنانا ہے، حالانکہ شاہریز خان کا کسی سیاسی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں۔

پی ٹی آئی نے الزام لگایا ہے کہ اس کارروائی کے پیچھے مریم نواز اور موجودہ حکومت کا ہاتھ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حکومت عمران خان پر دباؤ ڈالنے کے لیے ان کے اہل خانہ کو نشانہ بنا رہی ہے، جو کہ ناقابل قبول ہے۔

ترجمان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے فوری نوٹس لینے اور شاہریز خان کی بازیابی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو عوامی غصے کو قابو میں رکھنا مشکل ہو جائے گا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button