اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے 9 مئی کے مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی منظوری کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عوام کے لیے ایک واضح اشارہ ہے کہ نو مئی کا کیس ایک جھوٹا بیانیہ تھا اور انہیں انصاف ضرور ملے گا۔
خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج کا فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے موقف پر قائم ہے اور ملک کی عدالتیں آزاد ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر عدالت کا کوئی فیصلہ ان کے خلاف آیا تو اس کے خلاف اپیلیں دائر کی جائیں گی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا، "عوام کو اب پتہ چل چکا ہے کہ نو مئی کا کیس جھوٹ پر مبنی ہے، اور معافی وہی مانگیں جو الیکشن چوری کے مرتکب ہوئے۔” انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے رہنما جلد واپس آئیں گے اور تحریک انصاف کی جدوجہد جاری رہے گی۔
دوسری جانب، لطیف کھوسہ نے کہا کہ آج ہمیں بڑی دیر کے بعد انصاف کی ٹھنڈی ہوا محسوس ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آئین کی بالادستی کو قائم رکھا ہے اور ایک گواہ کی شہادت کی بنیاد پر ایک کیس ہی چل سکتا ہے۔
لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری دیگر مقدمات میں غیر قانونی تھی اور آئندہ مزید کیسز نہیں چل پائیں گے۔ انہوں نے قوم سے پُرعزم رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں قید افراد کو جلد آزاد کرایا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ آج کا فیصلہ حقائق کی فتح ہے اور یہ جھوٹے بیانیوں کی دفن ہونے کی علامت ہے۔ انہوں نے پارٹی کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف آئندہ بھی آئینی دائرہ کار میں رہ کر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔





