پاکستانتازہ ترین

"9 مئی فوج کا نہیں، قوم کا مقدمہ ہے؛ آرمی چیف نے برسلز میں معافی کی کوئی بات نہیں کی: ڈی جی آئی ایس پی آر”

اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے برسلز کے حالیہ دورے کے دوران نہ تو کوئی سیاسی گفتگو کی اور نہ ہی کسی معافی کا ذکر کیا۔ ترجمان نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات صرف فوج کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مقدمہ ہیں، اور اس دن کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق جوابدہ ہونا ہوگا۔

وفاقی دارالحکومت میں ایک تقریب کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ برسلز میں منعقدہ تقریب میں سینکڑوں افراد شریک تھے جنہوں نے آرمی چیف کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں، تاہم اس موقع پر کوئی سیاسی بیان یا معافی کا تاثر دینا درست نہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے زور دیتے ہوئے کہا:

"ہم 9 مئی کے واقعے پر ایک مضبوط اور واضح مؤقف رکھتے ہیں۔ اس دن جن لوگوں نے ریاستی املاک کو نشانہ بنایا، جنہوں نے منصوبہ بندی کی یا سہولت کاری کی، وہ سب قانون کے تحت جوابدہ ہوں گے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات صرف فوجی تنصیبات پر حملہ نہیں بلکہ ریاست کے استحکام پر حملہ تھے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

سپریم کورٹ سے عمران خان کو ریلیف

ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے 9 مئی کے آٹھ مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لی ہیں۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ضمانت کی اجازت دی۔

عدالتی فیصلے اور فوجی ترجمان کے بیان کو ایک ہی دن میں سامنے آنا ایک اہم سیاسی و قانونی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب 9 مئی کے واقعات کا احتساب ملکی سیاسی منظرنامے پر مرکزی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button