
عالمی شہرت یافتہ جج فرینک کیپریو انتقال کرگئے
امریکا کے ہر دلعزیز اور انصاف کی علامت سمجھے جانے والے جج فرینک کیپریو 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
روڈ آئی لینڈ سے تعلق رکھنے والے جج فرینک کیپریو گزشتہ کچھ عرصے سے لبلبے کے کینسر میں مبتلا تھے، اور طویل علالت کے بعد وہ اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ ان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری کردہ بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کی گئی۔
فرینک کیپریو نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ عدلیہ کے شعبے میں خدمات انجام دینے میں صرف کیا۔ وہ نہ صرف اپنے منصفانہ فیصلوں کی بدولت مشہور تھے بلکہ ان کا رحم دل، ہمدرد اور انسان دوست انداز دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کے دلوں کو چھو گیا۔ ان کے عدالت میں دیے گئے فیصلے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے تھے، جہاں وہ انسانیت، برداشت اور نرمی کی اعلیٰ مثالیں قائم کرتے نظر آتے۔
انتقال سے کچھ روز قبل، جج کیپریو نے اسپتال کے بستر سے اپنے مداحوں کے لیے ایک جذباتی پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے سب سے اپنے لیے دعا کی درخواست کی تھی۔
جج کیپریو کے انتقال پر دنیا بھر میں ان کے چاہنے والے غمزدہ ہیں۔ ان کی یادیں، فیصلے اور انسانیت سے بھرپور طرزِ عدالت ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔