
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر مختلف سیاسی قائدین سے رابطے کیے ہیں اور وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور جنوبی سندھ، خصوصاً کراچی میں شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی شہری سیلابی صورتحال اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سندھ حکومت کو وفاقی سطح پر ہر ممکن امداد اور تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی۔
وزیراعظم نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت کی کہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کو تکنیکی و انسانی وسائل سمیت تمام ضروری معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے عوام کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کرنے پر بھی زور دیا۔
اسی سلسلے میں وزیراعظم نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے بھی رابطہ کیا، جس میں خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں مؤثر کردار ادا کرنے پر تنظیم کی کاوشوں کو سراہا۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی وزیراعظم نے گفتگو کی اور سندھ میں ممکنہ بارشوں سے پیدا ہونے والے خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت این ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کے ذریعے تمام صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔