اوورسیز

دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر کھلی کچہری کے دوران حملہ، سیکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھ گئے

نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت دہلی میں ایک افسوسناک واقعے میں وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر آج صبح ان کی رہائش گاہ پر منعقدہ کھلی کچہری کے دوران ایک شخص نے حملہ کر دیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شہریوں سے براہ راست ملاقات کی جارہی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور کی شناخت 40 سالہ راجیش سکاریا کے طور پر کی گئی ہے، جو ریاست گجرات کا رہائشی بتایا گیا ہے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو میں لے کر حراست میں لے لیا، جبکہ اس سے تفتیش جاری ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق، حملہ آور کچھ کاغذات کے ساتھ وزیراعلیٰ کے قریب پہنچا اور بات چیت کے دوران اچانک حملہ کر دیا۔ واقعے کے فوراً بعد وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔

دہلی پولیس کمشنر ایس بی کے سنگھ نے واقعے کو "بڑی سیکیورٹی ناکامی” قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات عوامی نمائندوں کی سلامتی پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔

دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما ہریش کھرانہ نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے اور یہ جانچنے کی ضرورت ہے کہ کہیں اس حملے کے پیچھے کوئی سیاسی سازش تو نہیں۔

ریاستی حکومت اور سیکیورٹی ادارے واقعے کی مکمل چھان بین کر رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ کی صحت سے متعلق معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button