
اسلام آباد (20 اگست 2025) – امریکہ نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والی قیمتی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی بڑے پیمانے کی تباہی پر امریکی حکومت سخت افسوس کا اظہار کرتی ہے۔”
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ "امریکی عوام اور حکومت کی دعائیں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس قدرتی آفت میں اپنے پیاروں کو کھو دیا، اور ان تمام کمیونٹیز کے ساتھ ہمدردی ہے جو اس سانحے سے متاثر ہوئی ہیں۔”
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے، جس کے باعث اب تک 400 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ درجنوں دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں۔
امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اور مقامی و بین الاقوامی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہیں۔
عالمی برادری کا یکجہتی کا اظہار
پاکستان میں حالیہ سیلابی صورتحال پر دنیا بھر سے اظہارِ یکجہتی کیا جا رہا ہے۔ امریکی حکومت کا یہ بیان متاثرہ خاندانوں اور پاکستانی عوام کے ساتھ عالمی برادری کے تعاون اور ہمدردی کا مظہر ہے۔