پاکستانتازہ ترینروزگار

ای سی سی کا اہم فیصلہ: بارش و سیلاب متاثرین کیلئے 5.8 ارب روپے کا ریلیف پیکج منظور

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اہم اجلاس ہوا، جس میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے 5.8 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے متاثرہ شہریوں کی فوری امداد کیلئے این ڈی ایم اے کو 4 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔

وزارت خزانہ کے مطابق امدادی رقم متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کم کرنے، بنیادی ضروریات کی فراہمی اور فوری بحالی کے اقدامات کیلئے استعمال کی جائے گی۔ اجلاس میں وزیراعظم کے فین ریپلیسمنٹ پروگرام کیلئے بھی 2 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی، جس کا جلد آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈیجیٹل معیشت، نیشنل سیکیورٹی اور ادائیگیوں کے نظام میں اہم اقدامات

ای سی سی اجلاس میں ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے بھی کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ راست کیو آر کوڈ پر مبنی ڈیجیٹل ادائیگیوں کیلئے 3.5 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ یہ سبسڈی اسکیم آئندہ تین سال تک جاری رہے گی، جبکہ اسٹیٹ بینک کو اس حوالے سے نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

مزید برآں، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کیلئے 25 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی گئی، جو اسٹریٹجک پالیسی پلاننگ سیل پر خرچ کی جائے گی۔ اس رقم کی فراہمی مرحلہ وار کی جائے گی۔

فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا یکساں اطلاق

اجلاس کے دوران ملک بھر میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے یکساں اطلاق کی بھی منظوری دی گئی، جس سے بجلی صارفین پر قیمتوں میں فرق کے مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔

ای سی سی نے اسٹیٹ بینک، نیشنل الیکٹرانک کلیئرنگ کمپنی (نیکا) اور کمرشل بینکوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کی ٹرم شیٹ کی بھی منظوری دے دی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button