
اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت (ATC) نے نومبر احتجاج کیس میں گرفتار چار ملزمان کو چار، چار ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔ سزا تھانہ انجرا، ضلع اٹک کے مقدمہ نمبر 212/23 میں سنائی گئی۔
عدالتی کارروائی کے دوران، ملزمان جاوید اقبال، خان محمد، سردار خان اور عامر خان نے جج امجد علی شاہ کے روبرو اقبالِ جرم کر لیا۔ عدالت نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے استغاثہ کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا۔
پراسیکیوٹر کے دلائل:
پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے نومبر کے احتجاج کے دوران اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچایا۔ ان اقدامات سے نقص امن پیدا ہوا اور ریاستی احکامات کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔
ملزمان کا مؤقف:
ملزمان نے الزامات کا دفاع نہیں کیا اور اعتراف کیا کہ وہ قیادت کے اکسانے پر احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کا حصہ بنے۔ عدالت سے نرمی کی اپیل کرتے ہوئے ملزمان نے کہا کہ وہ غریب طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔
عدالت کا فیصلہ:
عدالت نے جرم کے اعتراف اور مقدمے کے شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے چاروں ملزمان کو چار ماہ قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے واضح کیا کہ حوالات میں گزارا گیا وقت بھی قید کے عرصے میں شمار کیا جائے گا۔