
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن علیمہ خان نے بتایا ہے کہ آج سپریم کورٹ میں 9 مئی کے کیسز کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا:
"ہماری کوشش تھی کہ ہائی کورٹ میں ہمارے کیسز مقرر ہوں تاکہ جلد سماعت ہو سکے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تحریک کو حقیقی آزادی تک جاری رکھنے کا کہا ہے اور ضمنی انتخابات میں حصہ لینے سے صاف انکار کیا ہے۔
26 نومبر احتجاج کیس: 4 ملزمان کو 4، 4 ماہ قید کی سزا
اسی دوران انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں 26 نومبر کو پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف درج احتجاجی مقدمے کی سماعت ہوئی۔
جج امجد علی شاہ کی عدالت میں 4 ملزمان کو 4، 4 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ ملزمان نے عدالت میں اپنے اقبالی بیانات بھی جمع کروائے جن میں اعتراف کیا کہ لیڈرشپ کی اکسانے پر وہ پرتشدد احتجاج میں شامل ہوئے۔
ملزمان نے اقبالی بیان میں عدالت کو بتایا کہ وہ غریب مزدور ہیں اور سزاؤں میں نظرثانی کی درخواست کی۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ انجرا ضلع اٹک میں جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ درج تھا۔