
واشنگٹن (نیوز ڈیسک) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات سے قبل بڑا سیاسی اعلان کرتے ہوئے ملک میں پوسٹل بیلٹ سسٹم ختم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس مقصد کے لیے جلد صدارتی حکم نامہ (ایگزیکٹو آرڈر) جاری کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ پوسٹل بیلٹ کا نظام انتخابی دھاندلی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، اور ان کے بقول، یہی وہ طریقہ ہے جس کے ذریعے "ڈیموکریٹس اقتدار میں آتے ہیں”۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ 2020 کے صدارتی انتخابات میں بھی انہیں اسی نظام کے تحت شکست دی گئی تھی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس سلسلے میں امریکا کے بہترین قانونی ماہرین ایگزیکٹو آرڈر کی تیاری میں مصروف ہیں، اور وہ جلد اس قانون سازی کو عملی شکل دیں گے۔
ان کا کہنا تھا: "دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک پہلے ہی پوسٹل بیلٹ کا طریقہ ترک کر چکے ہیں، اور امریکا کو بھی انتخابی شفافیت کے لیے یہ قدم اٹھانا ہوگا۔”
واضح رہے کہ امریکا میں وسط مدتی انتخابات (Midterm Elections) آئندہ سال 3 نومبر کو منعقد ہوں گے، اور صدر ٹرمپ کا یہ اعلان انتخابی ماحول میں ایک نئی بحث اور سیاسی ہلچل کا باعث بن رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی یہ حکمت عملی ریپبلکن ووٹرز کو متحرک کرنے کے لیے ہے، جبکہ ڈیموکریٹس کی جانب سے ممکنہ طور پر اس اقدام کو عدالتی چیلنج کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔